والدہ سیریز ’مس مارول‘ میں فواد خان کو دیکھنے کیلئے پرجوش تھیں، ایمان ویلانی

July 02, 2022

کراچی (این این آئی) پاکستانی نژاد کینیڈین اداکارہ ایمان ویلانی نے کہا ہے کہ والدہ سیریز مس مارول میں مجھ سے زیادہ فواد خان کو دیکھنے کیلئے پرجوش تھیں۔ ایمان ویلانی سے حال ہی میں ایک انٹرویو میں فواد خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فواد خان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ عجیب تھا۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام اداکار جنہیں میں اسکرین پر دیکھتے ہوئے بڑی ہوئی ہوں، اور اب ان کے ساتھ خود کام کررہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ خاص طور پر میری والدہ سیریز میں مجھ سے زیادہ فواد خان کو دیکھنے کے لیے پر جوش تھیں اور اس بات سے آپ لوگ خود اندازہ لگا سکتے ہیں کہ میرا تجربہ کیسا رہا۔ایمان ویلانی نے کہا کہ سب ہی اداکار بہت اچھے ہیں، اور سب سے زیادہ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ سیریز اداکاروں اور موسیقی کے ذریعے بھارت اور پاکستان کو اسکرین پر اکٹھا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس سیریز میں پاکستانی، بھارتی، امریکی، کینیڈین اور برطانوی تمام ملکوں کے اداکار ایک سکرین پر نظر آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سیریز مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی آپس میں شادیاں ہو رہی ہیں اور کسی کو بھی کسی مخصوص چیز سے منسوب نہیں کیا گیا۔ایمان ویلانی نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز کی شوٹنگ کروانا میرے لئے بہت ہی زبردست تجربہ تھا۔