شہروز کاشف کا ایک اور ورلڈ ریکارڈ

July 05, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

شہروز کاشف نے 8 ہزار 126 میٹر بلند چوٹی نانگا پربت سر کر لی، وہ نانگا پربت کی چوٹی سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے۔

کوہ پیما شہروز کاشف نے پاکستانی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 54 منٹ پر نانگا پربت کو سر کیا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ شہروز نے 8000 میٹر سے بلند یہ آٹھویں چوٹی سر کی ہے۔

شہروز کاشف 8 ہزار میٹر بلند دنیا کی تمام 14 چوٹیاں سر کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ شہروز کاشف 5 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔

کوہ پیما شہروز کاشف کو 2 گینز ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹ مل چکے ہیں، انہیں 2 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے پر سرٹیفکیٹ دیے گئے تھے۔

شہروز کاشف بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ اور دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔