دشمن بھی گواہی دے رہے ہیں کہ بھٹو کیساتھ ظلم ہوا: پیپلز پارٹی بلجیم

July 05, 2022

بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ اس نے ایک ہارے ہوئے ملک کو ایک نئی امید دی، مقررین

پاکستان پیپلز پارٹی بلجیم کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ بھٹو کے بے گناہی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو سکتا ہے کہ ان کے دشمن بھی اس بات کی گواہی دے رہے ہیں کہ بھٹو کے ساتھ ظلم ہوا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں 5 جولائی 1977ء کے دن کی مناسبت سے یومِ سیاہ کے موقع پر برسلز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیا۔

تقریب کی صدارت پی پی پی یورپ کے رہنما ملک محمد اجمل نے کی۔

یومِ سیاہ کی اس تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ان رہنماؤں نے پارٹی کے قائد ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بیٹی محترمہ بے نظیر بھٹو کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جڑوں میں شہیدوں کا خون ہے، اسے کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین ہو یا اس کے دفاع کی مضبوطی، پاکستانیوں کی بیرونِ ملک موجودگی کا ذکر ہو یا عالمِ اسلام کا اتحاد، ذوالفقار علی بھٹو کو نظر انداز کر کے پاکستان کے لیے کی جانے والی کوئی سیاسی گفتگو مکمل نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بھٹو کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے ایک ہارے ہوئے ملک کو نئی امید دی۔

تقریب کے مقررین نے مزید کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ بھٹو زندہ ہے تو اس کی سب سے بڑی دلیل ان کے تمام سیاسی مخالفین کا اس بات کو تسلیم کرنا ہے کہ بھٹو کے ساتھ ظلم ہوا ہے، ایک ڈکٹیٹر اور اس کے تشکیل کردہ نظام نے بھٹو کے ساتھ پاکستان کی جمہوری منزل بھی کھوٹی کر دی۔

پیپلز پارٹی بیلجیم کے سینئر رہنما چوہدری جاوید نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے تمام مسائل کا ذمے دار پاکستان میں مختلف اوقات میں اقتدار کے مزے لینے والے ڈکٹیٹروں اور ان کے سماج کے مختلف طبقات میں موجود بد کردار حواریوں کو قرار دیا۔

آخر میں صدرِ مجلس ملک اجمل نے حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ وہ اب تک 24 دفعہ بھٹو کی قبر پر جا چکے ہیں، عوام کے لیے جان دینے والے کی قبر دعا کے لیے اٹھنے والے ہاتھوں سے بھری ہوئی ہے اور اس کی جان لینے والوں کی قبریں بس قبرستان کا ایک حصہ ہیں۔

ان مقررین نے بھٹو کی موت میں امریکا کو سب سے بڑا مجرم بھی قرار دیا جو پاکستان میں ہمیشہ اپنے مفاد کے لیے ڈکٹیٹروں اور ان کے حواریوں کی پشت پناہی کرتا ہے۔

علاوہ ازیں مقررین نے پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر بھی اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک کو موجودہ مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے اپنے نانا کی طرح اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

یومِ سیاہ کی اس تقریب میں جن مقررین نے خطاب کیا ان میں شیخ شکیل احمد، ملک اخلاق احمد، نواز بٹ، مسعود کھوکھر، زبیر اعوان، اطہر بلتی، افتخار احمد اور راجہ طاہر شامل تھے جبکہ پیپلز یوتھ کے صدر شیراز بٹ نے نظامت کے فرائض ادا کیے۔