سیاستدان بھی نازیبا تبصرے کردیتے ہیں، مانی کا فلم لفنگے کی پابندی پر موقف

July 06, 2022

کراچی(این این آئی)سنسر بورڈ کی جانب سے فلم بینوں کے لیے نامناسب ہونے کے دعوے کے بعد فلم لفنگے کی پاکستان میں ریلیز پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاہم فلم کی کاسٹ میں شامل اداکارمانی نے کہاکہ فلم میں ایسا کچھ نہیں ہے جو پہلے نہ دکھایا گیا ہو۔مانی نے بتایا کہ سندھ سنسربورڈ نے چند مناظر نکالنے کی درخواست کی تھی جس کی تعمیل کرتے ہوئے ان مناظرہٹا دیا گیا لیکن پنجاب سنسربورڈ نے فلم کو مکمل طور پردیکھے بغیرہی ریلیز پرپابندی عائد کردی۔ مانی کے مطابق ، وہ فلم کو تقریبا 45 منٹ دیکھتے ہیں اور اس پرپابندی عائد کردیتے ہیں۔مانی نے واضح کیاکہ فلم میں ایسے لطیفے یا ذومعنی جملے شامل نہیں ہیں ،جو اس سے پہلے پاکستانی فلموں میں پیش نہیں کیے گئے ، پاکستان میں سیاست دان بھی اکثرایک دوسرے پر نازیبا تبصرے کردیتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ فلم میں ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو موجودہ معاشرتی اصولوں کے مطابق نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ ٹریلر سنسر بورڈ کی منظوری کے بعد ہی جاری کیا گیا تھا تاہم انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سنسر بورڈ میں انہیں لوگوں کو ہونا چاہیے جنہیں کام آتا ہو اور وہ فلمی صنعت سے واقف ہوں۔ انہوں نے کہا کہ، جو لوگ فلم یا ٹی وی سے وابستہ ہوتے ہیں انہیں اس کام کی زیادہ سمجھ بوجھ ہوتی ہے۔مانی کے مطابق لفنگے کے پروڈیوسر پاکستان میں نہیں رہتے اور فلم پر پابندی کا فیصلہ ان لوگوں کی حوصلہ شکنی کررہا ہے جو پاکستانی سنیما میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے تیار ہیں۔