مویشی منڈی کے بیوپاری نے مزاحمت کر کے 7 لاکھ روپے بچالیے پر جان چلی گئی

July 06, 2022

کولاج: علامتی فوٹو

کراچی میں سپر ہائی وے پر مویشی منڈی میں جانور بیچ کر نکلنے والے بیوپاری نے ڈکیتی کی واردات تو ناکام بنادی مگر مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے خود جان سے چلا گیا۔

پولیس کے مطابق عید قرباں کے سلسلے میں کراچی میں سپر ہائی وے پر سجی مویشی منڈی میں بکرے فروخت کر کے 35 سالہ سراج نامی شخص اپنے دوست کے ساتھ شہر کی طرف آ رہا تھا کہ جمالی پل کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے انہیں اسلحہ کے زور پر روک لیا۔

عینی شاہدین کے مطابق اس دوران محمد سراج نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے سراج کی سینے میں گولی لگی اور وہ شدید زخمی ہوگیا جبکہ اس دوران ملزمان فرار ہوگئے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔

سائٹ سپر ہائی وے پولیس کے مطابق مقتول کے نام کے سوا مزید کوئی تفصیلات دستیاب نہیں اور نہ ہی یہ معلوم ہو سکا کہ متوفی کا تعلق کس علاقے سے ہے۔