نئی نسلوں کی صحیح طرز پر تعلیم وتربیت کی بدولت ہی قومیں بنتی ہیں ،مقررین

July 07, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر) نئی نسلوں کی صحیح طرز پر تعلیم وتربیت کی بدولت ہی قومیں بنتی ہیں ۔ ان ہونہاروں کی موجودگی میں ہمیں کامل یقین ہے ملک کا مستقبل انتہائی تابناک اور روشن ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نےنظریاتی سمر سکول کے 22ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد کے دوران کیا۔نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا ۔سینئر وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ یہاں بچوں میں حصول علم کاشوق‘ ملک و قوم کے بارے میں احساس تفاخر پیدا کرنے کے علاوہ ان میں پاکستانیت کا جذبہ بیدارکیاگیا ۔ سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے کہا نئی نسل ہی پاکستان کا مستقبل ہے اور انہوں نے کل ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے، ناہید عمران گل ،پروفیسر عابد شیروانی، ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ یہ نظریاتی سمر سکول پورے ملک کے طلبہ کیلئے ایک روشن مثال ہے اور اس کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھایا جائے۔