امام بارگاہوں اور ذوالجناح کے روٹس پر بجلی کےغیر متوقع بریک ڈاؤن سے نمٹنے کیلئے ہدایات

August 07, 2022

لاہور (اپنے نامہ نگار سے)چیف ایگزیکٹو لیسکوچوھدری امین نے کہا ہے کہ وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات کی روشنی میں محرم الحرام کے دوران ریجن بھر میں امام بارگاہوں اور ذوالجناح کے روٹس پر کسی بھی قسم کے غیر متوقع بجلی کے بریک ڈاؤن سے نمٹنے کیلئے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فیلڈافسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران ریجن بھر میں مختلف ٹیمیں تشکیل دے کرتمام فیڈروں اور تاروں کے نظام کاازسرنو جائزہ لیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو ہیڈ کوارٹر میں محرم الحرام کے دوران صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات کے فوری ازالہ کے حوالے سے لیسکو ہیڈ کوارٹر میں فیلڈ افسران کے ساتھ ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امام بارگاہوں، ذوالجناح اور تعزیہ کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لینے اور اِن روٹس پر تاروں کے نظام کوبہتر بنانے کیلئے ریجن بھر میں لیسکو کے سینئر افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیموں کی تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ امام بارگاہوں اور ذوالجناح کے روٹس کی مسلسل نگرانی رکھ رہی ہیں۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران آپریشن سٹاف میں شامل تمام افسران ایس ایز، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز سمیت دیگر ملازمین کی 24گھنٹے دستیابی کو یقینی بنایا جائے گاتا کہ اِن مقدس ایام میں بجلی کے ہنگامی مسائل کو فی الفور حل کیاجا سکے اور عزاداری اور لااینڈ آرڈر کے کاموں میں خلل نہ پڑے۔