مثالی امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء انتظامیہ کیساتھ ہیں،ڈپٹی کمشنر

August 07, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں مثالی امن و امان کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ ہیں۔یہ بات انہوں نے علماء کرام کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کی ۔ معروف عالم دین قاری محمد حنیف جالندھری کی سربراہی میں وفد نے امن و امان کے قیام کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔قاری محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ شہر اولیاء کی فضاء صدیوں سے امن کا پرچار کرتی آئی ہے اس محرم الحرام کے دوران بھی تمام مسالک کی جانب سے امن کا پیغام دیا جائے گا۔سی پی او خرم شہزاد حیدر بھی اس موقع پر موجود تھےڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا کہ سول سوسائٹی اور مذہبی قیادت ضلع کا امن خراب کرنے والوں کی بھرپور حوصلہ شکنی کیلئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کرے۔دین اسلام کی تعلیمات بھی ایک دوسرے کو برداشت اور مذہبی آزادی کا درس دیتی ہیں۔