سوشل میڈیا پر برازیل کی ویڈیو کو کوئٹہ کے نجی ہسپتال سے جوڑنا قابل مذمت، ڈاکٹرز تنظیمیں

August 08, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹرز تنظیموں کے رہنماؤں ڈاکٹر آفتاب احمد کاکڑ اور ڈاکٹر بہار شاہ نے سوشل میڈیا پر برازیل کی ایک ویڈیو کو کوئٹہ کے نجی ہسپتال سے جوڑنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروپیگنڈئے کی تحقیق کراکے حقائق عوام کے سامنے لائے اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے ، ویڈیو سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے ڈاکٹروں میں اضطراب پایا جاتا ہے ، یہ مسئلہ ایک اسپتال کا نہیں بلکہ پوری ڈاکٹرز برادری کا ہے ، یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر ڈاکٹر احمد شاہ ، ڈاکٹر نسیم کٹکزئی سمیت دیگر موجود تھے،ڈاکٹر آفتاب کاکڑ نے گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پرسازش کے تحت ڈاکٹروں کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈاکٹروں اور عوام کے درمیان دوری پیدا کرنے کی کوشش ہے ، 16 جولائی کو برازیل کی ایک ویڈیو کو کوئٹہ کے ایک نجی اسپتال کے عملہ کیساتھ جوڑا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایف آئی اے کو تحقیقات کیلئے درخواست دی گئی ہے دیگر اداروں سے بھی رابطہ کیا ہے ،ایف آئی اے سمیت تمام متعلقہ ادارے سوشل میڈیا پر وائرل کیے گئے اس ویڈیو کی تحقیقات کرکے حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ روز پہلے ایک مریضہ کو اسٹریچر پر کوئٹہ کے ایک نجی ہسپتال لایا گیا جس کا دماغی مسئلہ تھا ، ایک ڈاکٹر اور نرس نے مریضہ کا معائنہ کیا اس دوران مریضہ کیساتھ آنے والی تین اور خواتین بھی کمرئے میں موجود تھیں باہر آکر اس مریضہ نے چیخنا چلانا شروع کیا اور اس کیساتھ آنے والی دیگر خواتین نے اپنے موبائل سے اس کی ویڈیو بنائی جس کو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا بعد میں اس مریضہ واقعے پر معذرت بھی کی اس واقعہ کی تحقیقات بھی مکمل ہوچکی ہے مگر سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو دوبارہ برازیل کی ویڈیو سے لنک کرکے وائرل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ عوام اور ڈاکٹروں کے درمیان دوریاں پیدا ہوں ، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے پروپیگنڈہ پر سیاسی جماعتوں کی خاموشی بھی باعث تشویش ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مذکورہ اسپتال کے مالک نے تمام محکموں اور متعلقہ اداروں سے تحقیقات کی درخواست کی ہے ایسے واقعات کی پورے معاشرے کو مذمت کرنی چاہیے ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماء ڈاکٹر بہار شاہ نے کہا کہ ہم جس معاشرے میں رہ رہے ہیں اس کی اپنی روایات ہیں ، برازیل میں مریضہ کے ساتھ غیراخلاقی عمل کی بلوچستان کے ڈاکٹر بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں تاہم اس ویڈیو کو کوئٹہ کے ایک نجی اسپتال کیساتھ جوڑ کر ڈاکٹروں کو بدنام کرنا درست نہیں ، ہم کسی کو تحقیقات سے نہیں روکیں گے ہم نے ایف آئی اے کو خود تحقیقات کرنے کیلئے کہا ہے تاکہ اس پروپیگنڈہ کے پیچھے جو عناصر ہیں ان کو منظر عام پر لایا جائے ، ڈاکٹرز تنظیموں کے عہدیداروں نے نجی اسپتال کا دورہ کرکے تمام صورتحال کا جائزہ لیا ہے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو سے نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک کے ڈاکٹروں میں اضطراب پایا جاتا ہے ، یہ مسئلہ ایک اسپتال کا نہیں بلکہ پوری ڈاکٹرز برادری کا ہے ۔