بشریٰ کیخلاف بیان کے بعد دانیہ نے انسٹا گرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا

August 08, 2022

—فائل فوٹو

معروف ٹی وی اینکر و میزبان عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک نے مرحوم کی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال کے خلاف بیان دینے کے بعد انسٹا گرام اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر دانیہ ملک کا آفیشل اکاؤنٹ موجود تھا جس پر اُنہوں نے گزشتہ روز بشریٰ اقبال کے خلاف بیانات جاری کیے تھے۔

دانیہ ملک نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ بشریٰ بی بی میڈیا کے سامنے جو بول رہی ہیں کہ مجھے طلاق ہو گئی ہے تو یہ سب جھوٹ ہے،5 جون کو خود عامر لیاقت نے مجھ سے اپنی محبت کا اظہار کیا تھا۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ آپ عامر لیاقت سے طلاق لے چکی ہیں لہٰذا آپ کو کوئی حق نہیں کہ آپ اُن کے معاملات میں بولیں، آپ کے لیے وہ نامحرم ہیں۔

یہ بیانات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئے جس کے بعد دانیہ ملک نے انسٹا گرام سے اپنا آفیشل اکاؤنٹ ہی ڈیلیٹ کر دیا۔

واضح رہے کہ عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال اور تیسری اہلیہ دانیہ ملک کے درمیان قانونی جنگ جاری ہے۔

دانیہ ملک نے پہلے اعلان کیا تھا کہ عامر لیاقت کی زندگی میں ان سے صلح ہوگئی تھی جبکہ بشریٰ اقبال نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے پاس ثبوت ہیں کہ عامر لیاقت اور دانیہ کی طلاق ہو گئی تھی۔