50 لاکھ کا ڈاکہ، 55 تولے زیورات، 3 گاڑیاں، 35 موٹرسائیکل غائب

August 11, 2022

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری دوگاڑیوں 24موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز ،نقدی اوردیگراشیاء جبکہ وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کو50 لاکھ کی نقدی ،42تولے طلائی زیورات، ایک گاڑی، 11 موٹر سائیکلوں سمیت دیگرقیمتی اشیاسے محروم کر دیا گیا۔ تھانہ شالیمار کے علاقے ایف ٹین سے موٹر سائیکل پر سوار ڈاکو نجی ہسپتال کے عملے سے 50 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ۔نجی ہسپتال کا کیشئر گارڈ کے ہمراہ بینک میں رقم جمع کروانے جا رہا تھا جوہسپتال کی پارکنگ کے سامنے ہی واقع ہے ،مسلح موٹر سائیکل سوار گن پوائنٹ پر کیش بیگ چھین کر فرار ہو گئے۔ ۔تھانہ صدرواہ کے علاقہ سادات کالونی میں علی سلیمان اوراس کابہنوئی عدنان شیرازی جارہے تھے کہ 3 موٹر سائیکل سوارآگئے جنہوں نے اس کے بہنوئی کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ایک لڑکے نے عدنان پر فائر کیا جس سے وہ زخمی ہوگیا۔تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ گلزار قائدمیں راجہ خادم حسین اپنی فیملی کے ہمراہ شاپنگ کر کے واپس اپنی گاڑی میں آ رہے تھے کہ دوموٹرسائیکل سوار گن پوائنٹ پر ان کی گاڑی روک کر اس کی بیوی کے طلائی زیورات مالیتی 5 لاکھ روپے چھین کرفرارہوگئے۔تھانہ وارث خان کے علاقہ امر پورہ میں احسن علی کے گھر میں 3نامعلوم ڈاکوداخل ہوئے جوگن پوائنٹ پر طلائی زیورات مالیتی7لاکھ روپے، 3لاکھ 5ہزار روپے، 3 موبائل اور لیپ ٹاپ چھین کرفرارہوگئے ،تھانہ ائرپورٹ کے علاقہ گلزارقائدمیں محسن قدیر کی بیوی سے دونامعلوم افرادگن پوائنٹ پر 2 موبائل ، سونا مالیتی 90 ہزار روپے اور 50ہزار روپے چھین کر لے گئے ۔ تھانہ گولڑہ کے علاقے میں گھریلوملازم وحید نے علی حمزہ کے گھر سے پانچ تولہ زیور، چالیس لاکھ روپے کی نقدی ، ترنول کے علاقے میں ندیم کے گھر کے تالے توڑکر پندرہ تولہ زیور، 25سو امریکن ڈالر، ایک لاکھ روپے اور دیگر سامان،تھانہ رمنا کے علاقے میں عدنان کے دفتر کے تالے توڑ کر سات لاکھ روپے، تھانہ کراچی کمپنی کے علاقے میں نعمان کے فلیٹ کے تالے توڑ کر بیس تولہ زیور، ڈیڑھ لاکھ روپے اور دیگر اشیاء اڑا لی گئیں۔ تھانہ وارث خان کے علاقہ سکندرآبادمیں دونامعلوم ملزمان توقیر کی دکان میں داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر اس پرتشدد کرکے 2لاکھ50ہزار روپے اور 3 موبائل چھین کرفرار ہو گئے۔ دیگر وارداتیں تھانہ سٹی، رتہ امرال ، پیرودھائی ، وارث خان ، صادق آباد ،کینٹ ، مورگاہ ، نون ، آبپارہ ، مارگلہ ،کراچی کمپنی، لوہی بھیر، گولڑہ ، کورال،شہزادٹاؤن، سبزی منڈی شالیمار ،تھانہ سہالہ کی حدود میں ہوئیں۔