بھارتی کامیڈین راجو شری وینٹی لیٹر پر منتقل

August 11, 2022

فائل فوٹو

گزشتہ روز دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اسپتال منتقل ہونے والے معروفبھارتی کامیڈین راجو شری واستو کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسٹینڈ اپ کامیڈین راجو شری واستو جم میں ٹریڈ مل پر ورزش کررہے تھے کہ انہیں سینے میں درد ہوا اور وہ گر گئے۔

کامیڈین راجو شری واستو کو دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) لے جایا گیا، جہاں کامیڈین کو دو بار سی پی آر دیا گیا تاکہ ان کی طبیعت بحال ہوجائے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ڈاکٹرز کی جانب سے دیے گئے تازہ ترین بیان میں بتایا گیا ہے کہ کامیڈین راجو کی طبیعت سنبھل نہیں رہی ہے جس کی وجہ سے اُنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹرز نے یہ بھی بتایا کہ اُن کی جان خطرے میں ہے اور اُن کا علاج جاری ہے۔

واضح رہے کہ راجو شری واستو اس وقت ملک کے کامیاب ترین اسٹینڈ اپ کامیڈینز میں سے ایک ہیں، وہ 1980 کی دہائی سے انٹرٹینمنٹ کی صنعت سے وابستہ ہیں۔

انہیں بین الاقوامی شناخت اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ’دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج ‘ کے پہلے شو سے ملی، انہوں نے کئی فلموں میں کام کیا، وہ بگ باس سیزن تھری کا بھی حصہ رہے ہیں۔

راجو شری واستو فلم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کونسل اترپردیش کے موجودہ چیئرمین بھی ہیں۔