’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پہلا ٹیزر پوسٹر جاری

August 11, 2022

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا پہلا ٹیزر پوسٹر جاری

ایپک ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کی تاریخ کے ساتھ اس کا ٹیزر پوسٹر جاری کردیا گیا ہے۔

انتظار کی گھڑیاں ختم۔!! بلال لاشاری کی شاندار تخلیق اور پاکستان کے شائقین کی پسندیدہ ترین فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ کا پہلا ٹیزر پوسٹر فلم کی ریلیز کی تاریخ کے ساتھ پیش کردیا گیا ہے۔

گزشتہ دِنوں مختلف تاریخوں اور شائقین کی جانب سے قیاس آرائیوں کے بعد بالآخر فلم کو ریلیز کرنے کی حتمی تاریخی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ فلم کا پہلا ٹیزر پوسٹر مشہور گنڈاسا کی جھلک پیش کررہا ہے اور فلم کی ریلیز کیلئے 13/ اکتوبرکی تاریخ دی گئی ہے۔

”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ اب تک کی پاکستان کی مہنگی ترین فلم ہے۔ فلم کا اسکرین پلے بلال شاری اور مکالمے ناصر ادیب نے تحریر کئے ہیں۔ ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ 1979کلاسک فلم ”مولا جٹ“کا ریمیک ہے۔

فلم کی ہدایتکاری بلال لاشاری نے دی ہے جو باکس آفس کی میگا ہٹ فلم ”وار“ کیلئے مشہور ہیں اور اِسے انسائیکلو میڈیا اور لاشاری فلمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت AAA موشن پکچرز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

فلم سازوں نے اس فلم کیلئے ”جیوفلمز“ کے ساتھ اشتراک کیا ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ اور پاکستان میں سنیما کی بحالی میں کلیدی شراکت دار ہے۔

اس فلم کو مقامی طور پر مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ندیم مانڈوی والا ڈسٹری بیوٹ کریں گے جو سنیما میں اپنی خدمات کیلئے مشہور ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گوورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے ڈسٹری بیوٹ کی جائے گی۔

2019 میں ریلیز ہونے والی فلم کا پہلا نظر آنے والا ٹیزر سنیما کی شان، غیر معمولی اسٹار کاسٹ اور میگا اسکیل پروڈکشن کیلئے دُنیا میں زبردست ردِعمل حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ فواد خان کو افسانوی مولا جٹ اور حمزہ علی عباسی کو نوری نتھ کے کردار میں سامنے لایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ فلم کے اہم کرداروں میں ماہرہ خان، عمیمہ ملک، گوہر رشید، فارس شفیع، علی عظمت، شفقت چیمہ، نیئر اعجاز اور کچھ دوسرے اہم نام شامل ہیں جو فلم کو مزیدار جاندار بنائیں گے۔