فواد چوہدری نے لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں ٹرف اکھاڑنے کی منطق پیش کردی

August 11, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے لاہور کے ہاکی گراؤنڈ میں ٹرف اکھاڑنے کی منطق پیش کردی، ان کا کہنا ہے کہ گراؤنڈ میں نیا ٹرف لگنا ہی ہے، تحریک انصاف جلسے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت میں وزارت اطلاعات کا بیڑا غرق ہوگیا ہے، ہمیں پی ٹی وی خسارے میں ملا تھا ہم 14 ارب منافع پر لے گئے، مریم اورنگزیب کو وزیر اطلاعات کہنا اس عہدے کی توہین ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مصدق ملک نے کہا عارف نقوی کون ہے؟ مفتاح اسماعیل سے پوچھ لیں، عارف نقوی مفتاح اسماعیل کا بہت اچھا دوست ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ دو خاندانوں نے پیسہ چوری کرکے لندن اور دوبئی میں رکھا، شریف اور زرداری خاندان ملک کو لوٹتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، پاکستان میں عیاشی کرنے آتے ہیں، ان لوگوں کا آبائی گھر لندن ہے، پاکستان میں عوام کی منتخب کردہ حکومت ہی تسلیم کی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ شریف فیملی اپنی کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کر رہی تھی، حسین نواز کا 100ملین ڈالر کا اپارٹمنٹ تھا، شہباز شریف پر 24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا اوپن اینڈ شیٹ کیس ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس لیے نا اہل ہوئے ان پر بے شمار الزامات تھے، نواز شریف پر کیسز کی دو طرح کی نوعیت تھی، نواز شریف نے اپنی کمپنیوں کو ڈکلیئر نہیں کیا تھا، شریف فیملی اپنی کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کررہی تھی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا کہ ہماری لندن تو کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنی ٹاپ لیڈرشپ میں سے عمران خان کے ساتھ دوڑ کا مقابلہ کروالیں، زرداری، شہباز شریف، عمران خان سے چھوٹے ہیں مگر 100 سے 150 سال کے لگتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سعودی عرب واقعہ میں جن لوگوں کو سزا ہوئی ان میں دو ن لیگ کے لوگ ہیں، دنیا میں جہاں کہیں یہ جاتے ہیں ان کے خلاف چور چور کے نعرے لگتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ فوج اور تحریک انصاف کے درمیان تفریق پیدا کرنے والے بے وقوف ہیں۔