مانچسٹر کی مساجد، امام بارگاہوں میں محرم الحرام کی مجالس

August 12, 2022

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) مانچسٹر کی مختلف مساجد، امام بارگاہوں میں محرم الحرام کی مجالس اور یوم عاشور کے موقع پرحضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے مجالس اور جلسے منعقد کئے گئے۔ قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر ،مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک، دارالعلوم گھمگھولیہ،سٹی جامع مسجد،مسجد حسین چیتھم ہل ودیگر میں علما، مشائخ، ذاکرین نے جذبہ شہادت کو اہل ایمان کیلئے نعمت اور عظیم دولت قرار دیا۔ مقررین نے سیدنا امام حسینؓ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر تمام مکاتب فکر کے علماکے علمائے کرام نے اتحاد امت پر زور دیا۔ قادریہ جیلانیہ اسلامک سنٹر لانگ سائیڈ میں برطانیہ کے معروف روحانی پیشوا عالم دین مفتی اعظم سید زاہد حسین رضوی بخاری، علامہ شاہجہان مدنی، صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری، مولانا عبدالغفور چشتی اپنے خطابات کہا کہ واقعہ کربلا نے اسلام میں حق اور باطل کے درمیان واضح لکیر کھینچ دی۔ اسلامک سنٹر لانگ سائیڈ میں استاد محمد صفدر اور رفقا نےمل کر لنگر حسینی کا اہتمام کیااور غربا و ضرورت مندوں میں کھانے پینے کی اشیا مفت تقسیم کی گئیں جب کہ مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک میں 10 روز تک قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا اور مختلف علما مشائخ نے امام عالی مقامؓ و شہدائے کربلاؓ کو خراج عقیدت پیش کیا۔