بالوں میں تیل لگاتے وقت کونسی غلطیاں نہیں کرنی چاہیے؟

August 12, 2022

فائل فوٹو

بال کسی بھی انسان کی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اسی لیے ان کا خوبصورت ہونا بھی بےحد ضروری ہے، آج کل کی مصروف روٹین کے باعث بالوں کا خیال رکھنا کافی مشکل ہوگیا ہے اور ساتھ ہی ماحولیاتی آلودگی کے باعث بالوں کا خیال رکھنا مزید بڑھ بھی گیا ہے۔

بالوں کے خراب ہونے کی صورت میں سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا خواتین کو کرنا پڑتا ہے، اس پریشانی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ماہرین بالوں میں باقاعدگی سے تیل لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کی صحت کے لیے تیل بہت ضروری ہے کیونکہ تیل لگانے سے بالوں کی نشونما تیزی سے ہوتی ہے، اس کے علاوہ خشکی اور دیگر مسائل سے بھی نجات ملتی ہے۔

بالوں کی نشوونما کے لیے کچھ بہترین تیلوں میں زیتون، ناریل، سرسوں اور بادام کا تیل شامل ہے، جہاں بالوں میں تیل لگانا ضروری ہے تو وہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل لگاتے وقت کچھ غلطیوں سے بچنا بھی بہت ضروری ہے۔

بالوں میں تیل لگاتے وقت ان باتوں کا ضرور خیال رکھیں:

بالوں کو کَس کر باندھنا:

خواتین بالوں میں تیل لگانے کے بعد بالوں کو کَس کر باندھ لیتی ہیں جس سے ہماری جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے اور بال کمزور ہوجاتے ہیں۔

ٹھنڈا تیل نہ لگائیں:

لوگ تیل لگانے سے پہلے گرم کرتے ہیں، زیادہ تر لوگ ناریل کا تیل گرم کرتے ہیں کیونکہ سردیوں میں یہ جم جاتا ہے، گرم تیل جِلد میں بہتر طریقے سے داخل ہوتا ہے، اس کے علاوہ، یہ بالوں کی صحت مند نشوونما کو فروغ دینے کے لیے جِلد میں خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے۔

بہت زیادہ تیل لگانا:

بہت زیادہ تیل لگانے کا مطلب ہے کہ اسے دھونے کے لیے اضافی محنت اور اضافی شیمپو کی ضرورت ہوگی۔ یہ مشق جِلد کے قدرتی تیل کو ختم کردیتی ہے اور اس کے نتیجے میں خشکی پیدا ہو سکتی ہے۔

رات بھر تیل لگا کر رکھنا:

ایک اور مقبول غلطی رات بھر تیل لگانا ہے کیونکہ زیادہ دیر تک تیل لگانے سے بھی بال کمزور ہوتے ہیں اور گِرنے کا خدشہ ہوتا ہے۔