عمران خان پر فارن فنڈنگ کیس ثابت شدہ ہے: ملک نور اعوان

August 12, 2022

فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا ہے کہعمران خان پر فارن فنڈنگ کیس ثابت شدہ ہے۔

مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے پارٹی کی مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کو خیالی تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نا اہل قرار دینے پر خوشیاں منانے والے عمران خان پر ایک درجن سے زیادہ الزامات عدالت جانے سے پہلے ہی ثابت ہوچکے ہیں جسے عوام نے تاحیات نااہل قرار دے دیا ہے۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ توشہ خانہ میں دوست ملک کے تحفے مارکیٹ میں بیچ کر ملک کو ذلیل کرانے کا کیس ثابت ہوچکا ہے، توشہ خانہ کے تحفے بیچنے سے حاصل ہونے والی دولت کو دو سال تک چھپا کر رکھنا اور اثاثوں میں ظاہر نہ کرنا ثابت ہوچکا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف بغاوت کے لیے عوام کو اکسانا ثابت ہوچکا ہے، ایک عدد غیر قانونی بیٹی ثابت ہوچکی ہے، دنیا کا ایسا کونسا مالی و اخلاقی گناہ ہے جو عمران خان نے نہیں کیا۔

ملک نور اعوان نے کہا کہ منافقت ایسی کہ یورپ کے سربراہوں کی مثال دیتا ہے کہ وہ سائیکر پر وزی اعطم ہاؤس آتے ہیں جبکہ خود چار سال تک ہیلی کاپٹر پر دفتر آتا رہا ہے جس کا خرچ سو کروڑ سے زائد عوام کے ٹیکس سے پیسوں سے ادا ہوا ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آڈیو سامنے آچکی ہے جس میں وہ سوشل میڈیا کی ٹیم کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کرتی سنی جارہی ہیں تو بہت جلد عمران خان ہمیشہ کے لیے سابق ہوجائیں گے جس کے بعد جوڑ توڑ کرکے آنے والے سارے لوٹے اپنی اپنی جماعتوں میں لوٹ جائیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عنقریب میاں نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔