پیٹرول قیمت پر مفتاح اسماعیل کا دعویٰ غلط نکلا

August 15, 2022

ملک میں پیٹرول کی قیمت سے متعلق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا دعویٰ غلط نکلا۔

مفتاح اسماعیل نے گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان ‘ میں کہا تھا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

دوران پروگرام میزبان نے وزیر خزانہ سے استفسار کیا کہ کیا کل پیٹرول کی قیمت کم ہونے جارہی ہے؟ دراصل عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہوئی ہیں اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ بھی مضبوط ہوا ہے۔

اس پر جواب دیتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ ہماری طرف سے پیٹرول پر ایک روپے کا ٹیکس لگے گا اور نہ ہی لیوی لگے گی، وزارت خزانہ کی جانب سے کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

اس کے مقابلے میں آج وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے کا اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 233 روپے ہوگئی ہے۔

وفاقی حکومت نے اس دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے، جب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی مارکیٹ میں آج بھی خام تیل کی قیمت میں 4 ڈالر فی بیرل سے زائد کی کمی سامنے آئی ہے اور برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل93 اعشاریہ 80 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔