راحت فتح علی خان کا نصرت فتح علی خان کی برسی پر جذباتی پیغام

August 16, 2022

قوالی کے بے تاج بادشاہ نصرت فتح علی خان کی آج 25ویں برسی ہے۔

شہنشاہِ قوال، استاد نصرت فتح علی خان کو اپنے مداحوں سے بچھڑے 25 سال گزر جانے کے بعد بھی اُن کی بنائی ہوئی دھنیں اور آواز آج بھی لوگوں کے کانوں میں رس گھول رہی ہیں۔

معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی جانب سے اپنے چچا نصرت فتح علی خان کی برسی کے موقع پر سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پیغام شیئر کیا گیا ہے۔

راحت فتح علی خان کا اپنے چچا کے لیے کیے گئے ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ آپ نے اپنی زندگی میں بے شمار زندگیوں کو متاثر کیا اور آج اپنی موت کے بعد بھی اپنی موسیقی اور اپنی خاندانی میراث کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں، آپ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ آج استاد نصرت فتح علی خان کی 25ویں برسی منائی جا رہی ہے۔

نصرت فتح علی خان قوالی، گیت، غزل اور کلاسیکل سمیت گائیکی کی ہر صنف پر عبور رکھتے تھے۔

استاد نصرت فتح علی خان گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنانے سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی ایوارڈز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔

نصرت فتح علی خان کے 125 البم ریلیز ہوئے۔

امریکی معروف گلوکارہ میڈونا بھی نصرت فتح علی خان کے ساتھ گانے کی خواہش مند تھی۔

نصرت فتح علی 16 اگست 1997ء کو جہان فانی سے کوچ کر گئے لیکن قوالی کی دنیا میں ایک ایسی صبح کر گئے کہ جس کی کوئی شام نہیں ہوتی۔