وزیر دفاع ہمیں کہہ رہا ہے ہم محب وطن نہیں، اسد عمر

August 17, 2022

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع ہمیں کہہ رہا ہے ہم محب وطن نہیں، وزیر دفاع نے ماضی میں خود متنازع بیانات دیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سیاست میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے، سب کو نظر آرہا ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ خواجہ آصف بتائیں فلور آف دی ہاؤس پر فوج کے خلاف کیوں بیان دیا تھا؟ قانون سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ شہباز گل پر بدترین جسمانی تشدد کیا گیا، ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں کہ ان کا مقصد تشدد کرکے من گھڑت بیان لینا ہے، جسمانی تشدد ہوچکا ہے، شواہد کورٹ میں جج کو دکھا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہاں پر شہباز گل کو رکھا جائے اس جگہ کا سب کو پتہ ہو، یقین دہانی کروائی جائے کہ شہباز گل پر تشدد نہ ہو، واضح طور پر ایک دفعہ تشدد کرکے قانون کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ وزیر دفاع کی اسٹیٹمنٹ بڑی مضحکہ خیز ہے، ماحول بنانے کی کوشش کی گئی کہ تحریک انصاف نے فوج کے خلاف مہم چلانے کی کوشش کی، سب کے سیاسی میدان ختم ہو رہے ہیں، عمران خان ان سے سنبھالا نہیں جا رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے اس حکومت سے پنجاب چھینا، ہر علاقے کے لوگ آج عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، جو پاکستان سے محبت کرتے ہیں ان سب کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

اس موقع پر موجود پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے کہا ہے ایف آئی اے بتائے کس قانون کے تحت کارروائی کر رہی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پرچے ان پر بھی کٹنے چاہئیں، ان سے بھی سوال کرنا چاہیے۔