عمران خان قانون سے بالاتر نہیں جوابدہ ہیں، احسن اقبال

August 17, 2022

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان قانون سے بالاتر شخصیت نہیں، وہ بھی جوابدہ ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے پیشیاں بھگتی ہیں جبکہ عمران خان کہتے ہیں وہ جواب دہ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ لندن کی سڑکوں میں افواج کےخلاف نعرے لگاتے رہے، عمران خان کی جماعت مظلوم بننے کے بجائے اپنی غلطیوں پر غور کرے۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز گل کے بیان جیسا جارحانہ بیان نہیں سنا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان پنجاب حکومت کو ریمورٹ کنٹرول سے چلا رہے ہیں، پرویز الہٰی شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے انتظامی ڈھانچے کو سیاست میں جھونکنا چاہتے ہیں، ہوسکتا ہے پنجاب کی انتظامی مشینری پیچھے ہٹ جائے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی نے آئین اور قانون سے متصادم اقدامات کیے تو اپنی حکومت کو خطرے میں ڈالیں گے۔