واٹر سپلائی کی بندش کیخلاف شہریوں کا واسا کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

August 18, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) محکمہ واسا نے سیوریج منصوبوں اور کراؤن فیلیئرز کی مرمت پر جاری کام کے باعث واٹر سپلائی لائنیں بند کر دیں ، جس کے باعث شہری پینے کے پانی کو ترس گئے ، متاثرہ شہریوں نے خالی برتن اٹھا کر واٹر سپلائی کی بندش کے خلاف احتجاج کیا اور پانی کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی،شالیمار کالونی ، زکریا ٹاؤن ، نواب شوکت سٹریٹ سمیت مختلف علاقوں میں سیوریج لائنوں اور کراؤن فیلیئرز کی مرمت کے کام کی وجہ سے واٹر سپلائی لائنوں کو بھی بند کر دیا گیا تھا ، جس سے گھریلو صارفین کوپانی کی سپلائی معطل ہو گئی ، متاثرہ شہریوں کی جانب سے واسا انتظامیہ کو مسئلہ سے آگاہ کئے جانے کے باوجود بھی واٹر سپلائی لائنیں چالو نہیں کی گئیں ، جس پر مکینوں نے پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور ہاتھوں میں خالی برتن اٹھا کر سڑک بلاک کر دی ، مشتعل شہریوں نے واسا افسران اور ٹھیکیدار کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور پانی کی بحالی کا مطالبہ کیا ، مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر واسا دفاتر کے گھیراؤ کی دھمکی دیدی ہے۔