کیمسٹوں کو درپیش مسائل حل کئے جائینگے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی

September 23, 2022

راولپنڈی( جنگ نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے کیمسٹوں کے قانونی پرافٹ کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے کیمسٹوں کو درپیش مسائل حل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی عاصم رئوف کے ساتھ پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین زاہد بختاوری کی قیادت میں سراج الدین،ارشد اعوان،چوہدری عمران رشید قیصر مسعود، نجیب اللہ خان،میاں طارق سعید،عثمان حفیظ، ذکریا قریشی۔اشفاق سرور، شیخ عبدالجبار پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ زاہد بختاوری کا کہنا تھا کہ کیمسٹوں کے قانونی پرافٹ مارجن کو برقرار رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ادویات کی آن لائن خرید و فروخت غیر قانونی قرار اور کیمسٹ پرافٹ مارجن 25 فیصد کیا جائے۔ چیف ایگزیکٹیو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ادویات پر کیمسٹوں15فیصد کے قانونی پرافٹ مارجن کو برقرار ر کھا جائیگا اور کیمسٹ برادری کو درپیش مسائل کو حل کیا جائیگا ۔ کیمسٹوں کو درپیش تمام مسائل اور اپنی شکایات کے متعلق ڈریپ کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ اعلی سطحی اجلاس میں پالیسی وضع کی جاسکے ۔