مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ نواز شریف کو پیش کردیا

September 25, 2022

فوٹو: فائل

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ نواز شریف کو پیش کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی زیر صدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و قومی صورت حال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ نواز شریف کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔

نواز شریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔

اجلاس میں مؤقف اپنایا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کو بجھانا پڑی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کیلئے نامزد کر دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب، مفتاح اسماعیل، ملک محمد احمد خان اور احد چیمہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔