کراچی: شارع فیصل پر قتل ہوئے نوجوان کا ساتھی کیوں فرار ہوا؟

September 26, 2022

کراچی کی شارعِ فیصل پر عوامی مرکز کے قریب فائرنگ سے قتل ہونے والے عفان کی یادگار تصاویر—بشکریہ فیس بک

کراچی کی شارعِ فیصل پر عوامی مرکز کے قریب فائرنگ سے نوجوان عفان کے قتل کے واقعے کا مقدمہ پولیس نے ابھی تک درج نہیں کیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے ساتھ کار میں موجود شخص دانش فرار ہے، واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ کراچی میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب شارعِ فیصل پر عوامی مرکز کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے عفان نامی شخص کو قتل کر دیا تھا۔

قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا ہے، مقتول کے اہلِخانہ نے آج مقدمہ درج کرانے کے لیے کہا ہے۔

واقعے کے عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور مقتول کی گاڑی کا تعاقب کرتے ہوئے آ رہے تھے۔

عوامی مرکز کے قریب جیسے ہی گاڑی رکی تو ایک شخص گاڑی سے نکل کر باہر آیا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اس پر فائرنگ کر دی۔

مقتول کے ساتھ جو شخص کار میں آیا تھا اس کی شناخت دانش کے نام سے ہوئی ہے، جو عفان کو گولیاں لگنے کے بعد اسے چھوڑ کر کار میں وہاں سے فرار ہو گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق دانش کا بیان لینے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ دانش تاحال پولیس کے پاس نہیں آیا اور نہ ہی اس سے رابطہ ہو پا رہا ہے، واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

30 سالہ مقتول عفان جماعتِ اسلامی کے رہنما ولید احمد کا بھتیجا تھا جس کی 2 ماہ قبل شادی ہوئی تھی جبکہ اسے اتوار کی صبح عمرے کے لیے روانہ ہونا تھا۔