• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شارع فیصل پر فائرنگ، نوجوان قتل، 2 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی

کراچی( اسٹاف رپورٹر )شارع فیصل عوامی مرکز کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا ،مقتول کی دو ماہ پہلے شادی ہوئی تھی اسے تین روز بعد عمرے پر جانا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بہادرآباد تھانے کی حدود شاہراہ فیصل عوامی مرکز نادرا آفس کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جسکی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت 29سالہ عفان ولد اویس کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او قربان علی کے مطابق مقتول سٹی اسکول کے قریب واقع فلیکن سوسائٹی کا رہائشی تھا اور ہفتہ کی شب جائے وقوعہ پر گاڑی میں اپنے دوست دانش کیساتھ کسی کا انتظار کر رہا تھا جب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان آئے اور مقتول کے سر میں گولی مار کر فرار ہو گئے،انہوں نے بتایا کہ قریب واقع شوروم اور دیگر مقامات پر لگے کیمرے دیکھے ہیں تاہم اب تک ملزمان کی فوٹیج نہیں ملی ہے جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی فوٹیج لینے کے لئیے رابطہ کیا گیا ہے جو پیر کی صبح ملے گی،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزمان پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھے،انکا کہنا تھا کہ عینی شاہدین کی مدد سے ملزمان کے خاکے بنوائیں گے،پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے جسے فرازک کے لئیے بھیج دیا گیا ہے،ایس ایچ او کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مقتول کو کیوں قتل کیا گیا ہے،مقتول عفان کی دو ماہ پہلے ہی شادی ہوئی تھی اور 28 ستمبر کو اسے عمرے کے لئیے روانہ ہونا تھا۔مقتول بولٹن مارکیٹ میں پلاسٹک شاپر کا کام کرتا تھا،پولیس کے مطابق مقتول کے ورثاء سے رابطہ کیا گیا ہے اور واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
اہم خبریں سے مزید