لندن بدتمیزی واقعہ، فنکار اور سیاستدان ہم آواز

September 26, 2022

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کو لندن میں پاکستان تحریکِ انصاف کے حامیوں کے ہاتھوں تنقید، بدتمیزی، الزامات اور اوچھے جملوں کا نشانہ بننے پر معروف شخصیات مریم اورنگزیب کے حق میں سامنے آ گئی ہیں۔

مریم اورنگزیب کی حمایت میں اس وقت سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے، انٹرنیٹ صارفین لندن میں مقیم پی ٹی آئی کارکنان کے رویے پر افسوس اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کی حمایت میں معروف شخصیات بھی سوشل میڈیا کے ذریعے آواز اٹھا رہی ہیں۔

سینئر اداکارہ و میزبان جگن کاظمی نے اپنے ٹوئٹر پر اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مریم اورنگزیب کے خلاف خواتین اور مجمع کا ایسا رویہ ناقابل قبول ہے، اس واقعے کی ہر سطح پر مذمت کی جانی چاہیے، ہم بحیثیت قوم ایسے کب بنیں گے کہ ہمارا تعلق چاہے کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو ہم اپنے مخالفین کو غنڈہ گردی یا ایسے رویے کا نشانہ نہ بنائیں۔

دوسری جانب عفت عمر نے بھی اس واقعے کی مذمت کی ہے۔

اسی طرح مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز نے مریم اورنگزیب کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو شیئر کی ہے اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہراسانی، بدسلوکی، دھمکیوں اور دھونس کا ایک مکمل پیکج، یہ عمران خان کا نظریہ ہے۔

نے بھی اپنے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کارکنان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مریم اورنگزیب صاحبہ کے ساتھ جو کچھ لندن میں ہوا، اس سے ان کی ذات کو تو کوئی فرق نہیں پڑا، البتہ کرائے کے یوتھیوں نے اپنی تربیت ضرور دکھا دی، مریم اورنگزیب نے اس بدتمیزی کا جس بہادری سے مقابلہ کیا میں ان کی تعریف کرتی ہوں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ماحولیات شیری رحمٰن نے بھی توئٹر پر اس واقرے کی مزمت کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے کا واقعہ شرمناک اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی گالم گلوچ اور بدتمیزی کی سیاست ناصرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی باعث شرمندگی بن چکی ہے، لوگوں سے اپیل ہے پاکستان تحریک انتشار کی سیاست کا حصہ نہ بنیں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کے رویے پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی نفرت انگیز سیاست کا اپنے بھائیوں، بہنوں پر زہریلا اثر دیکھ کر دکھ ہوا۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں نے ان کے ہر سوال کا جواب دیا، افسوس وہ عمران خان کے پروپیگنڈے کا شکار ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ عمران خان کی زہریلی سیاست کا مقابلہ کرنے اور لوگوں کو متحد کرنے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔