غزہ کی پٹی میں کھدائی، بازنطینی عہد کا فرشی موزیک دریافت

September 26, 2022

غزہ کی پٹی میں کھدائی کے دوران بازنطینی عہد کا فرشی موزیک دریافت ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے ایک کھیت میں درخت صحیح طور سے جڑ نہیں پکڑ رہے تھے۔ کھیت کے مالک نے وجہ جاننے کے لیے کھدائی شروع کی تو وہاں بازنطینی دور کا فرشی موزیک دریافت ہوا۔

ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ فنکارانہ ترتیب پر مبنی یہ موزیک 13 سے 15 سو سال قدیم ہے۔

فلسطینی وزارتِ سیاحت و آثارِ قدیمہ کا کہنا ہے کہ رنگ برنگی چڑیوں اور دیگر جانوروں کی تصاویر سے مُزین یہ موزیک بازنطینی دور کی سماجی زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔

بین الاقوامی ماہرینِ آثار قدیمہ کے اشتراک سے اس مقام پر مزید کھدائی جاری ہے۔

یہ موزیک اسرائیلی سرحد سے آدھا کلومیٹر دور فلسطینی پناہ گزین کیمپ بُریج میں دریافت ہوا۔

زیتوں کے اس کھیت کے مالک سلمان ال نباہین کا کہنا ہے کہ یہ موزیک تمام فلسطینیوں کا مشترکہ خزانہ ہے۔

نوادرات سے مالا مال غزہ کا علاقہ مصر کی تہذیب سے لے کر رومی سلطنت اور پھر صلیبی جنگوں کے بعد تک بھی تہذیبوں کے درمیان ایک اہم تجارتی مزکر رہا ہے۔