واٹر بورڈ کے CEO اورCOOکی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا

September 27, 2022

کراچی(طاہرعزیز/اسٹاف رپورٹر)بورڈ اجلاس اورسندھ کابینہ کی منظوری کے کئی دن بعد بھی کراچی واٹر اینڈسیوریج بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اور چیف آپریٹنگ آفیسر (سی اواو)کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہوسکا ‘سندھ کابینہ نے11ستمبر کو سی ای اوکیلئے سید صلاح الدین اور سی او او کے لئے انجینئر اسداللہ خان کے ناموں کی منظوری دی تھی‘اس سے قبل ادارے کے بورڈ اجلاس نے28جولائی کو ان ناموں کی منظوری دی تھی‘اس تاخیر پر واٹر بورڈ ملازمین میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کیونکہ حکومتی فیصلوں کے بعد عملدرآمد میں بالعموم اتنی تا خیر نہیں ہوتی‘ واضح رہے ورلڈ بنک کراچی میں پانی اور سیورج کی بہتری کے لئے آئندہ سالوں میں اربوں روپے خرچ کرنے جا رہا ہے‘ اسی تناظر میں واٹر بورڈ میں بعض پوسٹوں پر پبلک پرائیویٹ سیکٹر سے پروفیشنلز کو ہائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ایک ایکسر سائز کے بعد دونوں افراد کو فائنل کیا گیا ہے‘ نوٹیفکیشن میں تاخیر پر جو اطلاعات آرہی ہیں ان کے مطابق سید صلاح الدین جوکے ڈبلیو ایس ایس آئی پی کے پروجیکٹ دائریکٹر ہیں چونکہ ان کی واٹر بورڈ میں تعیناتی چار سال کے لئے ہوگی جس کے لئے انہیں وفاقی حکومت سے چھٹی لینا ہو گی‘ ذرائع کے مطابق یہ پروسس میں ہے جبکہ اسداللہ خان واٹر کےایم ڈی رہ چکے ہیں اور حال ہی میں ریٹائر ہوئے ہیں‘ تاخیر کی اصل وجوہات جاننے کے لئے واٹر بورڈ اور لوکل گورنمنٹ حکام سے رابطہ کیاگیالیکن کوئی واضح صورتحال بتانے کو تیار نہیں ہے جس سے مزید شکوک و شبہات جنم لے رہے ہیں اور اس بات کو تقویت مل رہی ہے کہ نوٹیفکیشن کے اجرا میں قانونی پیچیدگیاں حائل ہیں،دوسری جانب تقرریاں نہ ہونے سے ادارے کی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے اور بعض افسران ادارے کی موجودہ انتظامیہ کی جانب سے ملنے والے احکامات خاص کر شہر میں پانی اور سیوریج کی شکایات کے ازالے میں ٹاخیر کرتے ہیں ۔