سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد بیہوشی کی دو جدید مشینیں نصب

September 27, 2022

کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں بیہوشی کی دو جدید مشینیں نصب کر دی گئی ہیں ۔ ان مشینوں میں وینٹی لیٹرز بھی موجود ہیں جس سے بڑے آپریشن کے دوران مریض کو نہ صرف بیہوش کیا جاسکتاہے بلکہ وینٹی لیٹر پر بھی ڈالا جاسکتا ہے ۔ لیاقت آباد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد ایوب ببر نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ان مشینوں کو لیاقت آباد کے عوام کے لئے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ لیب کولی ، لیپرواسکوپک سرجری اور اوپن کولی جیسے آپریشن کئے جاسکیں گے ،اسپتال میں روزانہ ایک درجن آپریشن ہوتے ہیں جن میں زچہ و بچہ، ناک کان وگلہ اور ہڈی وجوڑ کے آپریشن شامل ہیں لیکن بڑے اور پیچیدہ آپریشن والے مریضوں کو مجبوراً جناح اور سول اسپتال ریفر کرنا پڑتا تھاجہاں مریضوں کے لوڈ کی وجہ سے انہیں لمبی تاریخیں ملتی تھیں اوران اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ مزید بڑھ جاتا ہے تاہم اب لیاقت آباد اسپتال میں ان مشینوں کے اضافے سے روزانہ دو درجن کے قریب آپریشن ہو سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اینستھیزیا مشین ود وینٹی لیٹر سے لیاقت آباد اسپتال میں اوپن کولی ، لیب کولی، لیپرواسکوپک سرجری جیسے آپریشن شروع کرنے کا ارادہ ہے جس سے لیاقت آباد ، کریم آباد ، ایف سی ایریا، فیڈرل بی ایریا، سہراب گوٹھ، یوسف پلازہ اور گردو نواح کے عوام مستفید ہو سکیں گے۔