آئی جے ٹی زرعی یونیورسٹی کا مطالبات کے حق میں ریلی اور دھرنا

September 27, 2022

پشاور (خصوصی نامہ نگار) زرعی یونیورسٹی پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ نے مطالبات کے حق میں لائبریری لان سے وائس چانسلر آفس تک ریلی نکالی اور بعدازاں وائس چانسلر آفس کے سامنے دھرنا دیا۔احتجاجی دھرنے کی قیادت ناظم کیمپس جمعیت اسفندیار ربانی اور ناظم زرعی یونیورسٹی ارشد خان نے کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور اسفندیار ربانی نے کہا کہ مہنگائی اور تباہ کن سیلاب کے پیش نظر ہاسٹل اور ٹیوشن فیسوں میں بے تحاشا اضافہ واپس لیا جائے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ زیادہ تعداد میں طلبہ کو سکالرشپس دے، ہاسٹلز میں سٹڈی رومز کا قیام عمل میں لایا جائے،سرکاری میس کو دوبارہ فعال کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ وزیٹنگ فیکلٹی کی بجائے مستقل بنیادوں پر اساتذہ کی تعیناتی کی جائے ٹیوشن فیس لیٹ جمع کرانے پر جرمانہ ختم کیا جائے۔ اسفندیار ربانی نے کہا کہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں مرکزی امتحانی شیڈول لاگو کیا جائے، کلاسز اور ہاسٹلز میں وائی فائی کی سہولت دی جائےاساتذہ اور دیگر ملازمین کی جانب سے کلاسز بائیکاٹ کا سلسلہ اور طلبہ کی ہراسانی بند کی جائے۔ ناظم جامعہ زرعیہ نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے لئے اکیڈمک اور تفریحی ٹورز شروع کئے جائے، لیبارٹریوں میں کیمیکلز جبکہ کمپیوٹر لیب میں انٹرنیٹ اور دیگر آلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، یونیورسٹی میں مرکزی کینٹین کا قیام جلداز جلد عمل میں لایا جائے جبکہ یونیورسٹی میں منشیات کی سپلائی اور استعمال کی روک تھام کے لئے انسداد منشیات مہم چلائی جائے۔ ارشد خان نے یونیورسٹی انتظامیہ پر زور دیا کہ خسارے کے خاتمہ اور آمدن بڑھانے کے لئے طلبہ کو فیل کرنے کا سلسلہ بندکرتے ہوئے طلبہ سہولت کے لئے یونیورسٹی کے احاطہ میں بینک کو صرف طلبہ کی فیس جمع کرانے کے لئے مختص کیا جائے۔ بعدازاں جمعیت کے وفد کے انتظامیہ سے مذاکرات ہوئے جس میں انتظامیہ نے سکالرشپس ریلیز کرنے، لیٹ فیس پر جرمانہ ختم کرنے، شاہراہوں پر سٹریٹ لائٹس لگانے، لائبریری میں کتابوں کی فراہمی اور وائی فائی کی فعالیت جیسے مطالبات تسلیم کرلئے۔