600 ای میلز اور 80 فون کالز کے بعد بلآخر قسمت کا دروازہ کھل گیا

September 27, 2022

فائل فوٹو

محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور کامیابی کا کبھی کوئی شارٹ کَٹ نہیں ہوتا۔ بھارتی شخص نے ورلڈ بینک میں جاب حاصل کرکے اس کہاوت کو سچ کردکھایا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ بینک میں جاب کرنا امریکی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے بھارتی شہری واتسل ناہٹا کا خواب تھا جسے اس نے 600 ای میلز اور 80 فون کالز کے بعد بلآخر حاصل کرلی۔

ملازمت کے حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر طویل پوسٹ شیئر کرتے ہوئے 23 سالہ واتسل ناہٹا نے بتایا کہ کس طرح وہ کتنی محنت اور مشقت کے بعد ورلڈ بینک میں جاب حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

مذکورہ پوسٹ کے مطابق ملازمت کے حصول کے سفر کا آغاز تعلیم مکمل کرنے کے بعد 2020 میں کوویڈ کے دوران ہوا۔ جب بیشتر کمپنیاں اپنے ملازمین کی تعداد میں کٹوتیاں کررہی تھی۔

ان حالات سے مایوس واتسل ناہٹا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی سے فارغ ہونے سے دو ماہ قبل ہی جاب کی تلاش شروع کردی تھی تاکہ گریجویشن مکمل ہونے تک جاب مل جائے بہ صورت دیگر مجھے انڈیا واپس جانا پڑتا۔

بعدازاں صرف دو ماہ کے اندر اس نے مختلف کمپنیوں کے 15 سو سے زائد ملازمین سے لنکڈ ان پر کنیکشن بنائے، 600 سے زائد ای میلز کیں اور 80 سے زائد بار فون کالز کی اور ہر بار مسترد ہوا مگر ہمت نہیں ہاری۔

قسمت کا دروازہ اتنی بار بجایا کہ بلآخر یہ کھل ہی گیا اور بیک وقت 4 مختلف جگہوں سے آفر آئی جس میں سے میں نے ورلڈ بینک کا انتخاب کیا۔

واتسل ناہٹا کی پوسٹ کو 15 ہزار سے زائد افراد نے لائک کیا جب کہ سینکڑوں مایوسی کا شکار افراد میں اس پوسٹ نے امید کی نئی کرن جگا دی۔