جیل سے نہیں ڈرتا، غریب کیلئے آواز بلند کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، جمشید دستی

September 28, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر ) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ غریب عوام کے حقوق کی آ واز بلند کرنے کی سزا دی جارہی ہے لیکن میں اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔ غریب قوم کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ جیل کی سلاخوں سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماوں سے عدالت میں پیش ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل انجینئر محمد خان مروت ،علی اظفر سومرہ ،حسنین شاہد بھی موجود تھے۔ جمشید احمد دستی نے کہا کہ ظلم کی انتہا یہ ہے کہ غریب شہریوں پر مہنگائی ،ٹیکس در ٹیکس کے ایوانوں میں بیٹھے حکمران جو ظلم ڈھا لیں کوئی اگر غریب عوام کے حقوق کے لیے آ واز بلند کرے تو اس کی آ واز دبانے کے لیے نت نئے اوچھے ہتھکنڈے اختیار کئےجاتے ہیں۔ عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے کی بجائے روزانہ کی بنیاد پر بجلی،گیس، پٹرولیم مصنوعات ،آٹا،گھی،سبزی سمیت دیگر اشیائے کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اب تو ستم یہ ہے کہ اگر غریب قوم کو سابق حکومت نے مفت علاج معالجہ کے لیے جو سہولت دی ہے وہ صحت کارڈ ختم کرنے پر زور دیا جارہا ہے لیکن غریب عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔