جامعہ زکریا شعبہ آئی ٹی میں آتشزدگی، کمپیوٹر اور سرور جل گئے، وی سی کا انکوائری کا حکم

September 28, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر) زکریا یونیورسٹی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی لیب میں آتشزدگی، کمپیوٹر اور سرور جل گئے ، وائس چانسلر نے انکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی۔ تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی کے شعبہ آئی ٹی کی لیب میں آگ بھڑک اٹھی، منگل کی شب لگنے والی آگ کا اس وقت پتا چل جب سکیورٹی گارڈز نے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا، جس کی اطلاع فوری طور پر ڈاکٹر منہاج اور ڈاکٹر شاہد فرید کودی گئی۔ جس کے بعد تمام سکیورٹی عملہ اور چیئرمین موقع پرپہنچ گئے۔ دروازے توڑ کر سرکٹ بریکر بند کئے گئے اور آگ بجھانے کی کوشش شروع کی گئی، آگ کی حدت سے تمام کمپیوٹرز کے مانیٹرز پگھل گئے جبکہ سی پی یو جل کر خاکستر ہوگئے ۔ کمرے میں موجود سرور بھی جل گئے رات گئے آگ پر قابو پایا گیا۔ نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ نقصان کا اندازہ کئی کروڑ روپے ہے گزشتہ روز وائس چانسلر نے بھی موقع کا معائنہ کیا اور رجسٹرار کو فوری طور ر انکوائری کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تاہم رات گئے تک انکوائری کمیٹی نہیں بنائی جاسکی۔