ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کام اپنی مدد آپ ہے، مولانا عبدالخبیر آزاد

September 28, 2022

کوئٹہ (پ ر) چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی / چیئرمین الشیخ آزاد ویلفیئرفاؤنڈیشن مولانا سید محمد عبدالخبیر آزادنےبیان میں کہا کہ آج پاکستان جن تکالیف اور سیلابی صورت حال سے گزر رہا ہے اس موقع پر پوری قوم کو چاہیے کہ دل کھول کر متاثرین سیلاب کی مدد کریں،چارسدہ،جنوبی پنجاب، راجن پور،رجھان کے بعد آج میں قلعہ سیف اللہ، چمن اور کوئٹہ میں الشیخ آزاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے سیلاب سے متاثر ہونے والے پانچ سو خاندانوں کے درمیان ریلیف اور فوڈ پیکجز لے کر آیا ہوں جسے ہم تقسیم کر رہے ہیں،ہمارا مقصد ان لوگوں کی مدداور خدمت کرنا ہے جو سیلاب کی زد میں آکر متاثر ہوئے ہیں،انھوں نے کہا کہ خدمت خلق اللہ کا حکم سنت رسول اللہ اور عین عبادت ہے،انشاء اللہ ہم پورے ملک میں ہزاروں خاندانوں کو فوڈ پیکجز،خیمے اور دیگر اشیاء پہنچانے کا ذریعہ بنیں گے،مولانا آزاد نے کہا کہ ہماری قوم خدمت کے جذبوں سے سرشار ہے جب بھی پاکستان میں کوئی آفت آتی ہے تومحب وطن چاہے پاکستان میں ہوں یا پاکستان سے باہر،جذبہ حب الوطنی کو سامنے رکھتے ہوئے دل کھول کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخواہ اورگلگت بلتستان کے علاقوں میں متاثرین سیلاب کی بحالی کے لیے جو کام ہورہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔