بے گھر ہونے والے ’کنا یاری‘ کے گلوکار وہاب بگٹی کی سیلاب متاثرین کی مدد

September 28, 2022

فائل فوٹو

بلوچی گانے ’کنا یاری‘ سے مداحوں کا دل جیتنے والے گلوکار عبدالوہاب بگٹی نے ایک بار پھر سب کا دل جیت لیا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکار عبدالوہاب بگٹی، جو حالیہ سیلاب کے نتیجے میں بے گھر ہوگئے تھے، نے ملنےوالی امداد دیگر ضرورت مندوں میں تقسیم کردی۔

گزشتہ روز سے عبدالوہاب بگٹی سے متعلق سوشل میڈیا پر خبر زیرِ گردش ہے جس کے مطابق عبدالوہاب بگٹی کو ڈیرہ مراد جمالی میں اپنے کچے گھر کی تعمیر نو کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے 2 لاکھ روپے کی امدادی رقم دی گئی۔

انسانی درد محسوس کرنے والے گلوکار نے سرکار کی جانب سے ملنے والی اس امدادی رقم کو دیگر سیلاب متاثرین اور متاثرہ ساتھی فنکاروں میں تقسیم کردیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین ٹیلنٹ سے بھری پڑی ہے اور وہ ان فنکاروں کی مدد کرنے کی کوشش کریں گے جو غربت کی زندگی گزار رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں آنے والے سیلاب میں اُن کا کچی مٹی سے بنا گھر بھی بہہ گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ان کی خبر وائرل ہونے کے بعد معروف شخصیات کی جانب سے عبدالوہاب کے لیے مدد کی اپیل اور اعلان کیا جارہا تھا۔