خوشحال پاکستان خطے اور امریکا کے مفاد میں ہے، امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

September 28, 2022

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ خوشحال پاکستان خطے اور امریکا کے مفاد میں ہے، دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

لاہور میں امریکن بزنس فورم سے خطاب میں امریکی سفیر نے کہا کہ پاک امریکا دو طرفہ تجارت کا حجم 9 اعشاریہ 9 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، امریکا کو 6 اعشاریہ 8 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے جبکہ امریکی برآمدات کا حجم 3 اعشاریہ 1 ارب ڈالر ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے ساتھ انتہائی طاقتور معاشی تعلقات کےخواہاں ہیں، ہم تجارت کی راہ میں رکاوٹوں کو ختم کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، خوشحال اسلام آباد خطے اور واشنگٹن کے مفاد میں ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ ہمیں اب موسمیاتی تبدیلیوں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج قذافی اسٹیڈیم میں زندگی کا پہلا کرکٹ میچ دیکھیں گے۔