دورۂ پاکستان کے بعد انجلینا جولی کی دنیا کو وارننگ

September 29, 2022

فوٹو، انسٹاگرام

عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 6 ملین سے زائد سیلاب متاثرین کو ہنگامی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔

انجلینا جولی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے مناظر کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’گزشتہ ہفتے میں پاکستان میں تھی، جہاں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں نے ملک کی ایک تہائی اراضی کو تباہ کردیا ہے، میں نے اس تباہی کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی ریسکیو کمیٹی اور مقامی تنظیموں کے ساتھ وہاں کا دورہ کیا‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’ملک میں سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں، اور 6 ملین سے زائد کو ہنگامی بنیاد پر امداد کی ضرورت ہے‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’پاکستان اب بھی دس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا ہے جوکہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے بحفاظت وہاں سے واپس نہیں جا سکتے‘۔

انجلینا جولی نے لکھا کہ’جن افغان مہاجرین تک میں پہنچ سکی وہ ابھی تک طالبان کے ملک پر برسرِ اقتدار آنے پر صدمے میں ہیں، اب جاننا یہ ہے کہ وہ اس ہنگامی صورتحال میں کس ملک میں جائیں گے‘۔

اُنہوں نے اقوامِ عالم سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ’اس طرح ایک کے بعد ایک صدمے ملنا بہت تکلیف دہ ہے۔ براہ کرم جوکچھ ہورہا ہے اس سے کچھ سیکھیں‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’موسمیاتی تباہی سے آگاہ رہیں جوکہ اب ہم باقاعدگی سے دیکھ رہے ہیں‘۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا کہ’اپنی حکومتوں پر یہ سمجھنے کے لیے دباؤ ڈالیں کہ منصفانہ تجارت کا فقدان، دنیا زہریلی گیسوں کے بڑھتے ہوئے اخراج اور اس سے متعلق تنازعات کو حل کرنے میں ناکامی دنیا بھر میں لاکھوں خاندانوں کی موت اور تکلیف کا باعث بن رہی ہے‘۔