کوشش ہے جس کھلاڑی کی جگہ ٹیم میں آیا ویسا پرفارم بھی کروں، محمد حارث

September 30, 2022

قومی کرکٹ ٹیم میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ محمد حارث کو موقع دیا جائے گا۔

محمد حارث آج انگلینڈ کے خلاف اپنا ٹی 20 ڈیبیو کرنے جارہے ہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پر ان کا 1 منٹ سے زائد دورانیے کا ویڈیو پیغام بھی شیئر کیا ہے۔

ویڈیو پیغام میں 21 سالہ محمد حارث پر امید دکھائی دیے، انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 ڈیبیو کےلیے بہت ہی زیادہ ایکسائٹیڈ ہوں، ٹیم کی جانب سے مجھے ہمیشہ سپورٹ ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ایک روزہ ڈیبیو پہلے ہی کر لیا ہے، اب مختصر ترین دورانیے میں انگلینڈ کے خلاف کیرئیر شروع کرنے جارہا ہوں۔

محمد حارث نے کہا کہ اس سیریز میں جیسے میچز ہو رہے ہیں، خاص طور پر گزشتہ 2 مقابلوں میں الگ ہی انداز کا تھرل تھا، یہ میرے لیے خود کو ٹیسٹ کرنے کا بہت ہی اچھا موقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے، اس کے خلاف کھیلنے کےلیے بےچین ہوں، ورلڈ نمبر 1 پلیئر کی جگہ ٹیم میں شامل ہو رہا ہوں تو کوشش ہوگی کہ پرفارمنس کا معیار بھی وہی ہو۔

پاکستانی بیٹر نے مزید کہا کہ ٹی 20 ایک الگ ہی انداز کی کرکٹ ہے، جس میں ایک اوور میں ہی کھیل بدل جاتا ہے، ہوم گراؤنڈ میں رضوان کی جگہ اور انگلینڈ کے خلاف کھیلنے کا پریشر ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں ان تمام پریشرز کو مثبت انداز میں لے رہا ہوں، پلیئرز نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا چاہیے میں ٹیم سے باہر ہوں یا اندر ہوں۔

محمد رضوان جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پانچویں میچ میں تاریخ رقم کی، انہوں نے کسی بھی دو طرفہ سیریز میں 300 سے زائد رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

اس میچ میں محمد رضوان 63 رنز کی باری کھیلی،انہیں اس دوران کمر میں گیند بھی لگی، اس لیے انہیں انگلینڈ کے خلاف چھٹے میچ میں آرام کروایا جارہا ہے۔