• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے کے لیے پی آئی اے پروازوں کے دوبارہ آغاز کیلئے ایئرلائن چیف سے بات کی ہے، سعدیہ الطاف قاضی

سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز پاکستانی کمیونٹی کی اشد ضرورت ہے اور سفارت خانہ پاکستان اوسلو (ناروے) کا پاکستانی کمیونٹی کی اس ضرورت کا حل نکالنا ایک اہم ترجیح ہے۔

جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے بتایا کے انہوں نے ٹیلی فون پر سی ای او پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ایئر وائس مارشل محمد عامر حیات سے گفتگو کی اور انہیں بتایا کہ ناروے میں بسنے والے بزرگ شہریوں اور تاجروں کا مطالبہ ہے کہ پی آئی اے ناروے کے لیے اپنا فلائٹ آپریشن جلد شروع کرے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان اور ناروے کے درمیان معاشی روابط میں بھی اضافہ ہوگا، سی ای او پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، ایئروائس مارشل محمد عامر حیات نے یقین دلایا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جلد شروع کریں گے۔

سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے بتایا کہ یہ پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بہت بڑی خوشی کی بات ہے اور انشاءاللّٰہ بہت جلد پاکستان سے ناروے براہ راست پروازیں شروع ہوجائے گی۔

سعدیہ الطاف قاضی نے کہا کہ جس طرح پاکستانی کمیونٹی کے لیے انہوں نے ڈیو نیشنلٹی اور نادرا کاؤنٹر بنوایا تھا اسی طرح پاکستانی کمیونٹی کے لیے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شروع کروانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید