جولائی میں ہونے والی شدید گرمی سے لندن کی معاشرتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، صادق خان

October 06, 2022

لندن (سعید نیازی) موسمیاتی تبدیلیوں کےسبب رواں برس جولائی میں پڑنےوالی شدید گرمی کےباعث شہر کی معاشرتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں۔ اس بات کا اظہار لندن کے میئر صادق خان نے ’’روئٹرز امپیکٹ‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نےکہاکہ19جولائی کو درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرگیا تھا جس کےباعث شہر میں متوقع 5لاکھ 18ہزار ورکرز کی تعداد گھٹ کر تین لاکھ 85ہزار 640رہ گئی تھی اور شہر میں اس روز متوقع سیاحوں کی تعداد تین لاکھ 61ہزار سے کم ہو کر 2لاکھ 75رہی جوکہ جون کی نسبت 24فیصد کم تھی۔گرمی کے سبب آگ لگنے کے واقعات بڑھے، متعدد گھربھی تباہ ہوگئے اور شہر کا انفرااسٹرکچر متاثر ہوا، صادق خان نے کہاکہ اگر ماضی پرنظرڈالیں توکوئی بھی شخص یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ اس صورتحال کے بارے میں قبل ازوقت انتباہ نہیں دیا گیا تھا۔ انہوں نےکہاکہ لندن میں 2030تک نیٹ زیرو کاہدف حاصل کرنے کیلئے نجی شعبے کو بھی سرمایہ فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نےکہاکہ لندن کو 2030میں کاربن نیوٹرل کرنے کیلئے نجی شعبے کی طرف سے 75ملین پائونڈ کی سرمایہ کاری درکار ہوگی اورہدف کی جانب بڑھنے کیلئے تیزی سے کام کرناہوگا۔ صادق خان نےکہاکہ ان کی گرین نیوڈیل کے تحت ’’گرین جابس‘‘ پیدا ہوئیں اورلندن میں انفراسٹرکچر بنااورلوگوں نے اس ضمن میں مہارت حاصل کی۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں آلودگی کو کم کر کے ماحول کوبہتربنانے کیلئے محفوظ سائیکل لینز میں 5گنا اضافہ ہوا ہے۔سڑکوں پرالیکٹرک اور ہائیڈروجن سےچلنےوالی بسوں کی تعدادبڑھائی ہے۔ آلودگی نہ پھیلانے والی ٹیکسیوں کی تعداد بڑھی اور سیکڑوں نئے الیکٹرک کار چارجنگ پوائنٹس فراہم کئے گئے ،انہوں نے حکومت کے منی بجٹ کوہدف تنقید بناتےہوئے کہاکہ اس سےماحولیاتی اور جنگلی حیات پر اچھے اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ماحولیات کےمسائل کے حوالے سے معاملات حل کرنے کیلئے جہاں حکومت کے دروازے بند ہو رہےہیں وہیں ان کے افس کے دفاترکھلےرہیں گےجب تک وہ میئرہیں۔