APPS Europe سویڈش چیپٹر کا فیملی فنکشن 15اکتوبر کو ہوگا

October 06, 2022

سٹاک ہوم ( کاشف عزیز بھٹہ ) پاکستانی ڈاکٹروں سائنس دانوں، دندان سازوں اور فارماسسٹس کی سب سے بڑی عالمی تنظیم (APPS Europe) کے سویڈش چیپٹر کا پہلا سالانہ فیملی فنکشن 15اکتوبر 2022 کو سٹاک ہوم، سویڈن میں منعقد ہو رہا ہے۔ APPS سویڈن کے بانی اور موجودہ چیئرمین ڈاکٹر شاہد اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر اے پی پی ایس سویڈن کا پہلا سالانہ فیملی ایونٹ منعقد کرنے جا رہا ہے جس کے مہمان خصوصی سویڈن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر ظہور احمد ہوں گے۔ یہ تقریب سویڈن اور فن لینڈ میں مقیم پاکستانی نژاد تمام ڈاکٹروں، سائنسدانوں، دندان سازوں اور فارماسسٹوں کے لیے منعقد کی جارہی ہے ۔ اے پی پی ایس سویڈن چیپٹر کے آغاز کے بعد سے، کوویڈ پابندیوں کی وجہ سے اس طرح کی تقریب کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔ تاہم اب بالآخر متعلقہ پیشوں کے پاکستانیوں کے لیے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ذاتی طور پر ایک جگہ جمع ہونے کا ایک بہترین موقع ہے جو اپنے کیریئر میں مزید کامیابیوں کو حاصل کرنے میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کا ایک اچھا آغاز ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اے پی پی ایس کا مقصد پاکستانیوں کی بیرون ملک اور وطن واپسی میں مدد کرنا ہے۔ ڈاکٹر شاہد سویڈن میں معروف سماجی شخصیت ہیں جو پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے سرگرم ہیں۔ ڈاکٹر شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سویڈن کے دوسرے بڑے شہر گوتھن برگ میں پاکستان کےسیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام کیا اور 40لاکھ پاکستانی روپے سے زیادہ جمع کیا، اے پی پی ایس سویڈن نے طبی اور سائنسی کمیونٹی میں پاکستانیوں کو جوڑنے اور ان کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر شاہد کی ٹیم ایسے طلباء کی مدد کر رہی ہے جو سویڈن کی یونیورسٹیوں میں داخلہ اور سکالرشپ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔