تارک مہتا کا الٹا چشمہ چھوڑنے والے شیلیش لودھا نے خود کو جذباتی احمق کہہ دیا

October 29, 2022

بھارتی اداکار شیلیش لودھا نے ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ سے اپنے 14 سالہ تعلق کے خاتمے پر بات کی اور خود کو جذباتی احمق قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شیلیش لودھا مشہور بھارتی سٹکام تارک مہتا کا الٹا چشمہ سے 14 سال بطور اداکار اور نریٹر وابستہ رہے ہیں ۔

انہوں نے رواں سال کے آغاز میں مشہور سٹکام سے علیحدہ ہوگئے تھے، انہوں نے 2008 میں شروع ہونے والے سفر کے اختتام پر کھل کر بات کی۔

اداکار نے اپنے حالیہ انٹرویو میں شو کو غیر رسمی انداز میں چھوڑنے پر بات کی، سٹکام سے اپنی وابستگی کو جذباتی احمقانہ پن سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی جذباتی ہوتے ہیں، کئی برس شو سے جڑے رہنے پر اپنائیت کا احساس فطری ہے، اس لیے میں خود کو جذباتی احمق کہتا ہوں۔

جب اُن سے شو چھوڑنے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے بشیر بدر کے شعر کے ذریعے جواب دیا۔

’کچھ تو مجبوریاں رہی ہوں گی، یوں ہی کوئی بے وفا نہیں ہوتا‘

انہوں نے جواب میں مزید کہا کہ ایسا نہیں اس موضوع پر بات نہیں ہوگی کہ میں نے شو کیوں چھوڑا لیکن اس کے لیے مجھے صحیح وقت کا انتظار ہے۔

بھارتی ٹی وی کی تاریخ میں تارک مہتا کا الٹا چشمہ مشہور اور سب سے زیادہ دیکھا جانے والا شو ہے، جسے اسیت کمار مودی نے 2008 میں تخلیق کرنے کے بعد پیش کیا۔

شیلیش لودھا کے شو سے علیحدہ ہونے پر ان کی جگہ سچن شراف نے لے لی ہے جبکہ اس سٹکام میں دلیپ جوشی، بھاویہ گاندھی، امیت بھٹ اور منمن دتا بھی پرفارم کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے حالیہ سروے میں پتا چلا ہے کہ شیلیش لودھا کے شو چھوڑنے کے باوجود بھارت میں اب بھی تارک مہتا کا الٹا چشمہ دیکھے جانے والے سٹکام میں سرفہرست ہے۔