بھارتی فلم انڈسٹری کی کوئین کنگنا رناوت نے لال سنگھ چڈھا اور عامر خان کا پیچھا فلم کے فلاپ ہونے کے بعد بھی نہیں چھوڑا۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے فلم لال سنگھ چڈھا کے فلاپ ہونے کا حقیقی ذمے داری بائیکاٹ کلچر کے بجائے عامر خان کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ لال سنگھ چڈھا کی ناکامی کی وجہ بائیکاٹ کلچر نہیں ہے، اس کی اصل وجہ عامر خان خود ہیں اور یہ ملک کے لوگوں سے ان کا ذاتی معاملہ ہے۔
کنگنا رناوت کا عامر خان اور ان کی فلم لال سنگھ چڈھا پر یہ پہلا تبصرہ نہیں ہے، وہ اس سے پہلے بھی کئی انٹرویوز میں بھارتی اداکار کو ہدف تنقید بنا چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں مانتی ہوں کہ لال سنگھ چڈھا کے فلاپ ہونے کے پیچھے بائیکاٹ کلچر نہیں ہے بلکہ یہ فلم اپنے دیکھنے والوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہی، یہ فلم صنعت کی نئی شروعات ہے۔
بھارتی اداکارہ نے کہا کہ قوم پرانی فلموں کے امیج سے جڑنے کے بجائے اب کسی فلم پر پیسہ خرچ کرنے سے پہلے اس کے اداکار کی ساکھ پر سوال اٹھا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا قوم ٹینشن سے گزر رہی تھی، اس وقت بھی آپ (عامر خان) نے دنیا کے سامنے بھارت کو عدم برداشت کاحامل کہہ دیا اور ہماری قومی ساکھ داغ دار کی۔
کنگنا رناوت نے کہا کہ لوگ اپنے محب وطن اور ایماندار ہونے کا احترام چاہتے ہیں، یہ عامر خان کا پیدا کردہ ذاتی بحران ہے، دراصل وہ اپنے رویے سے کہہ چکے کہ وہ بھارتی ہونے پر شرمندہ ہیں۔
اداکارہ نے ایک بار پھر بالی ووڈ مافیا اور بدمعاش لوگ کی اصطلاح استعمال کی اور کہا کہ یہ لوگ برانڈز بن کر چیزوں کو تبدیل کرنا شروع کرچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں چیزیں بدل رہی ہے، اب لوگ ملک سے متعلق غلط بات کرنے والے برانڈز سے نہیں جڑ رہے ہیں، یہ نئی شروعات ہے۔
لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ فلم ’فاریسٹ گمپ‘ کا ہندی ری میک تھی، 100 کروڑ میں بننے والی فلم نے دنیا بھر میں صرف 80 کروڑ کمائے۔
عامر خان کے بھارت میں عدم برداشت سے متعلق سابقہ انٹرویو کو جواز بناتے ہوئے بائیکاٹ مہم چلائی گئی، جس کے بعد فلم لال سنگھ چڈھا کو ملے جلے ریویو ملے۔