مہنگے ترین ورلڈ کپ سے فیفا کی ریکارڈ آمدنی

November 22, 2022

فائل فوٹو

انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹبال(فیفا) نے قطر میں منعقد ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ سے ریکارڈ آمدنی وصول کرلی ہے۔

فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا کا کہنا ہے کہ قطر میں ہونے والے 2022ء کے فٹبال ورلڈ کپ سے منسلک 4 سال کے تجارتی معاہدوں کے ذریعے 7.5 بلین ڈالزر کی غیر معمولی آمدنی حاصل ہوئی ہے۔

فیفا نے اتوار کے روز اپنے 200 سے زائد رکن ممالک کے عہدیداروں کے سامنے ادارے کی جو کمائی ظاہر کی ہے، وہ روس میں ہونے والے 2018ء کے ایونٹ سے حاصل ہونے والی کمائی سے زیادہ ہے۔

قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ سے ہونے والی اضافی آمدنی اس سال کے ورلڈکپ کےمیزبانوں کے ساتھ تجارتی معاہدوں کے ذریعے حاصل کی گئی۔

اس فٹبال ورلڈکپ کے لیے قطر انرجی ایک اعلیٰ درجے کے اسپانسر کے طور پر جبکہ تیسرے درجے کے نئے اسپانسرز میں قطری بینک کیو این بی (QNB) اور ٹیلی کمیونیکیشن فرم اوریڈو(Ooredoo) شامل ہیں۔

اس سال فیفا نے مالیاتی پلیٹ فارم (crypto.com) اور بلاک چین فراہم کنندہ الگورانڈ(Algorand) کے ساتھ دوسرے درجے کے اسپانسر معاہدے بھی کیے ہیں۔

اس کے علاوہ فیفا نے سیپ بلاٹر کی صدارت کے دوران روس اور قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے اہم نشریاتی معاہدوں پر بھی دستخط کیے تھے۔

ان اہم نشریاتی معاہدوں میں امریکی براڈکاسٹر ’فوکس‘ اور قطری براڈکاسٹر ’بی اِن اسپورٹس‘ کے ساتھ ہونے والے معاہدے بھی شامل ہیں۔

یہاں اس بات کا ذکر کرنا لازمی ہے کہ فیفا میزبان ممالک کی آرگنائزنگ کمیٹیوں، انعامی رقم، ٹیموں اور معاون عملے کے لیے سفر اور رہائش کے لیے ادائیگی کرتا ہے۔

اس کے علاوہ فیفا کی جانب سے ورلڈ کپ کے اختتام پر میزبان ملک میں کھیل کو ترقی دینے میں مدد کے لیے لیگیسی فنڈ کی ادائیگی بھی کی جاتی ہے۔

قطر ورلڈ کپ کے فاتحین کو 440 ملین ڈالرز کے پرائز پاٹ میں سے 44 ملین ڈالرز ملیں گے۔

واضح رہے کہ فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا ہر ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل اپنے اکاؤنٹس کو ایک بار منظم کرتی ہے۔

پچھلے فٹبال ورلڈ کپ سے جس کی میزبانی روس نے کی تھی، فیفا نے 2015ء سے 2018ء تک6.4 بلین ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

فیفا نے 2020ء میں جب دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث قومی اور فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائنگ گیمز تقریباً مکمل طور پر بند ہو گئے تھے تو اس رقم کا استعمال ممبر باڈیز کی غیر یقینی صورتحال میں مدد کے لیے کیا۔