کینیڈا، خاتون پیرامیڈک روڈ حادثے میں زخمی بیٹی کو نہ پہچان پائی

November 26, 2022

فوٹو بشکریہ غیرملکی میڈیا

کینیڈا کے شہر کیلگری میں روڈ حادثے کے مقام پر سب سے پہلے مدد کو پہنچنے والی خاتون پیرامیڈک نے آدھے گھنٹے کی سخت محنت کے بعد بری طرح زخمی ہونے والی نوجوان لڑکی کو گاڑی سے باہر نکال لیا۔

برطانوی اخبار کے مطابق جیمی ایرکسن ہائی وے پر ہونے والے ٹریفک حادثے میں زیادہ زخموں کے باعث اپنی بیٹی کو نہ پہچان سکی تاہم 17سالہ لڑکی کو جہاز کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کیے جانے تک وہ وہیں موجود رہی۔

رپورٹس کے مطابق اپنی شفٹ ختم کرنے کے بعد جب جیمی ایرکسن گھر پہنچی تو پولیس نے انہیں بتایا کہ حادثے میں زخمی اور بعداذاں مرنے والی لڑکی ان کی بیٹی تھی۔

جیمی ایرکسن نے اپنے رشتےداروں اور دوستوں کو بتایا کہ جس شدید زخمی لڑکی کی میں نے کچھ دیر پہلے مدد کی وہ میرا اپنا خون تھا اور میری اکلوتی بچی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میں اس واقعے پر حیران اور ٹوٹ چکی ہوں، ایسا لگ رہا کہ میں نے اپنا کوئی حصہ کھو دیا۔

برطانوی اخبار کے مطابق جیمی ایرکسن نے منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی مونٹانا بہت خوبصورت اور بہادر تھی،وہ آخری دم تک لڑی۔

رپورٹس کے مطابق 15 نومبر کوکیلگری کے ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی اور ٹرک میں تصادم ہوا تھا۔