• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاکروچ جنتا پارٹی کا لکھنؤ میں بڑا احتجاج، وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا 

بھارت میں نوجوانوں کی قیادت میں ابھرنے والی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی قیادت میں طلبہ اور سرکاری ملازمتوں کے امیدواروں نے حکومتی پالیسیوں اور تعلیمی معاملات کے خلاف لکھنؤ میں احتجاج کیا۔

بھارتی جریدے کے مطابق مظاہرین نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

سی جے پی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے کہا کہ ان کا مقصد پرامن طریقے سے اپنا مؤقف پیش کرنا ہے اور وہ کوئی غیر قانونی سرگرمی نہیں کر رہے۔

رپورٹ کے مطابق تنظیم آئندہ امرتسر، بنگلورو اور دہلی سمیت دیگر شہروں میں مزید احتجاجی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، سی جے پی نے ملک بھر کے نوجوانوں سے 20 جون کو نئی دہلی پہنچنے اور ایک بڑے احتجاج میں شرکت کی اپیل کی ہے۔

سی جے پی کا دعویٰ ہے کہ یہ تحریک نوجوانوں کی ہے اور ان ہی کے ذریعے چلائی جا رہی ہے۔ تنظیم نے خاص طور پر امتحانی پرچوں کے لیک ہونے اور انتظامی بے ضابطگیوں کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

ابھیجیت دیپکے نے اپنے خطاب میں کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ نوجوان آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن طریقے سے اپنی آواز بلند کریں۔ ان کے مطابق اگر لاکھوں نوجوان متحد ہو جائیں تو ان کی آواز کو دبانا ممکن نہیں ہوگا۔

تحریک نے تعلیمی اصلاحات کے لیے پانچ نکاتی منشور بھی پیش کیا ہے، جس میں امتحانی پرچہ لیک ہونے کی صورت میں ہر امیدوار کو 10 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے، امتحانات کے نتائج ایک ماہ کے اندر جاری کیے جائیں، امتحانی ٹھیکوں اور ٹینڈرز کا آزادانہ آڈٹ کروایا جائے، امتحانی نظام میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جائے، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید