• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک کے پہلی کھرب پتی بننے کے جشن پر برنی سینڈرز کی تنقید

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے ایلون مسک کے دنیا کے پہلے ٹریلینئیر (کھرب پتی) بننے کی حیثیت حاصل کرنے پر ہونے والے جشن کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں برنی سینڈرز نے کہا کہ ایلون مسک کا جشن منانے کا مقصد کھرب پتی بننے پر خوش ہونا نہیں بلکہ آمدنی اور دولت کی عدم مساوات ہے، یہ صرف دولت کا معاملہ نہیں بلکہ طاقت کا معاملہ ہے جو امریکا کے سماجی ڈھانچے کو تباہ کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایلون مسک اور اس کے ہم خیال بااثر ارب پتی ہر چیز پر قبضہ چاہتے ہیں، ایلون مسک بھی سوشل سیکیورٹی میں اتنی ہی رقم ادا کرتے ہیں جتنی 184,500 ڈالرز سالانہ آمدنی کمانے والا شخص ادا کرتا ہے۔

امریکی سینیٹر نے اس صورتِ حال کو غیر منطقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ٹیکس کے قابل آمدنی پر عائد حد ختم کر دی جائے تو سوشل سیکیورٹی نظام کو آئندہ 75 سال تک مالی طور پر مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

برنی سینڈرز کے مطابق اس اصلاح کے ذریعے ریٹائرڈ افراد کے لیے فوائد میں 2,400 ڈالرز تک اضافہ بھی ممکن ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا پیش کردہ بل اسی مقصد کے لیے ہے جس کا ہدف ٹیکس نظام میں موجود اس خلاء کو ختم کرنا اور سوشل سیکیورٹی کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانا ہے۔

برنی سینڈرز کے مطابق اس صورتِ حال کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا اور ایسی حکومت بنانی ہو گی جو صرف ایلون مسک اور اس کے ساتھی ارب پتیوں کے لیے نہیں بلکہ ہم سب کے لیے کام کرے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید