واسا میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنیکی ہدایت

November 27, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا جواد کلیم نے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز انجینئرنگ اپنی اپنی حدود میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کروائیں منصوبوں میں سستی اور کوالٹی آف ورک میں شکایت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا تمام افسران اپنی اپنی سکیموں کی موثرمانیٹرنگ کرکے ان کو جلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا ئیں انہوں نے انصاری چوک ڈسپوزل اسٹیشن کے جاری سول ورک کو مزید تیز کرنے اور پمپنگ مشینری جلد منگوانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں جبکہ زکریا ٹاؤن، طارق آباد کے علاقوں میں جاری سیوریج منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاری چوک ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر، زکریا ٹاؤن، طارق آباد اور چاہ جدھڑ والا کے سیوریج منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کیے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈسپوزل اسٹیشن عارف عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج نارتھ ڈویژن رائے ساجد سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے انصاری چوک ڈسپوزل اسٹیشن کے دورہ کے موقع پر ایم ڈی واسا کو بتا یا گیا کہ شریف پورہ، عزیز کالونی، بیوہ کالونی، اعوان پورہ، کرم پورہ سمیت دیگر گنجان آباد علاقوں کو نکاسی آب کے دیرینہ مسائل سے ریلیف دینے کے لئے ڈسپوزل اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے کلکٹنگ ٹینکس سمیت دیگر سول ورک پر کام جاری ہے جبکہ پمپنگ مشینری بھی منگوائی جارہی ہے جس پر ایم ڈی واسا نے سول ورک میں مزید تیزی لانے اور پمپنگ مشینری جلد ازجلد منگوانے کی ہدایت کی زکریاٹاؤن، طارق آباد، چاہ چدھڑ والا کے سیوریج منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ کل 24انچ، 30انچ قطر سائز کی 8100فٹ سیوریج لائن ڈالی جانی ہے جس میں سے 6ہزار فٹ لائن ڈالی جاچکی ہے اور زکریا ٹاؤن میں 30انچ کی سیوریج لائن 20فٹ گہرائی پر شٹرنگ کے ساتھ ڈالی جارہی ہے جس پر ایم ڈی واسا نے جن مقامات پر لائن ڈال دے گئی ہے ان کو آمد روفت کیلئے بحال کرنے اور لائن کو کنکشن کرکے آپریشنل کرنے کا حکم دیا۔