ناک میں اسپرے سے کورونا وائرس کا علاج

November 28, 2022

—فائل فوٹو

ناک میں اسپرے کے ذریعے کورونا وائرس کا علاج دریافت کر لیا گیا۔

لاہور میں واقع یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز برطانوی اداروں کے اشتراک سے اس کا کلینکل ٹرائل کرے گی۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان کے مطابق ٹرائل کے آغاز کے لیے برطانوی سائنسدان ڈاکٹر آئزک جان لاہور پہنچ گئے۔

برطانوی سائنسدان کی جانب سے کورونا کے علاج کے لیے نیزل اسپرے کی افادیت کو جانچا جائے گا۔

نیزل اسپرے کا ٹرائل لاہور جنرل اسپتال کے اشتراک سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں ہو گا۔

فیز ٹو بی کلینکل ٹرائل میں 80 رضا کاروں کو شامل کیا جائے گا، پاکستانی ریسرچ ٹیم کی قیادت پروفیسر احسن وحید اور پروفیسر ثاقب محمود کریں گے۔

نیزل اسپرے پودوں سے کشید کردہ ایک قدرتی پراڈکٹ ہے، جس کا 10 سال سے یورپی اور شمالی امریکا میں بطور اینٹی وائرل اسپرے استعمال ہو رہا ہے۔

کلینکل ٹرائل جنوری 2023ء تک مکمل کر لیا جائے گا، نتائج مثبت آنے پر اسپرے کو کورونا کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

اس کلینکل ٹرائل کے لیے فنڈز امریکی کمپنی فراہم کرے گی،جس کے کامیاب انعقاد کے لیے یو ایچ ایس کے ریسرچرز کی تربیت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان کے مطابق برطانوی ڈاکٹر آئزک جان نے ٹرائل کے پروٹوکولز سے آگاہ کیا۔